اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں بھارتی فوج کی جارحیت جاری ہے جس میں مزید 7 کشمیری جام شہادت نوش کرگئے ہیں۔
وادی بھر میں بھارتی فوج کے خلاف پرتشدد مظاہرے پھوٹ پڑے ہیں۔
پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ تازہ جھڑپوں میں بھارتی فورسز نے ضلع کلغام میں تین مسلح افراد اور ایک شہری کو قتل کردیا جو مبینہ طور پر شہریوں کو ڈھال کے طور پر استعمال کر رہے تھے۔
بھارتی فورسز کی تازہ کارروائی کے بعد سینکڑوں کشمیریوں نے مذکورہ علاقے کی جانب سے بھارت مخالف نعرے لگاتے ہوئے مارچ کیا اور فورسز پر پتھراؤ بھی کیا جس کے جواب میں بھارتی فورسز نے پیلٹ گنز، آنسو گیس کے علاوہ فائرنگ بھی کی۔
اے ایف پی کو مقامی پولیس سربراہ شیش پال وید نے کہا کہ 'دو شہری اس وقت مارے گئے جب وہ تصادم کی جگہ پہنچے تھے'۔
ان کا کہنا تھا کہ تصادم کے دوران ایک فوجی بھی زخمی ہوا تھا جو ملٹری ہسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا۔
خیال رہے مقبوضہ کشمیر میں رواں ماہ کے پہلے ہفتے میں ایک ہی دن میں 20 کشمیری کو نشانہ بنایا گیا تھا جس کے بعد تازہ واقعے میں 7 افراد کو مارا گیا ہے۔
واضح رہے کہ کشمیری دہائیوں سے بھارتی قبضے کے خلاف آزادی کی تحریک چلارہے ہیں اور اکثریت پاکستان سے الحاق چاہتے ہیں جبکہ بھارت فورسز کے ذریعے تحریک کو دبانے کی کوشش کررہا ہے جس کے دوران اب تک ہزاروں کشمیری شہید اور زخمی ہوچکے ہیں۔
یاد رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ برس بھی بہت زیادہ قتل و غارت ہوئی تھی اور بھارتی فورسز نے 'آپریشن آل آؤٹ' کے نام سے مبینہ طور پر دہشت پھیلانے کے الزام میں 200 سے زائد کشمیری نوجوانوں کو نشانہ بنایا تھا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲